حوزه نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکزی صدر اصغریہ آرگنائیزیشن پاکستان غلام حسین جعفری نے پاراچنار کے بند راستے اور حکومتی نااہلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ضلع کرم، پاراچنار میں اکتوبر 2024ء سے 200 سے زائد بے گناہ افراد شہید ہو چکے ہیں مگر حکومت اور سکیورٹی ادارے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا: ضلع کرم میں رمضان المبارک میں روزہ دار سحری و افطار کے لیے ترس رہے ہیں، بجلی ناپید ہے اور خوراک و ادویات کی شدید قلت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے پاراچنار کا راستہ کھلوایا جائے، انسانی امداد بحال کی جائے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ عوام کو محصور رکھنا نہ صرف افسوسناک بلکہ ناقابلِ قبول ہے۔
مرکزی صدر اصغریہ آرگنائیزیشن پاکستان نے کہا: ہم پاراچنار کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس غیر انسانی محاصرے کے فوری خاتمے کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ